ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / لوجہاد مخالف قانون نافذ ہوتے ہی بریلی میں پہلا کیس درج

لوجہاد مخالف قانون نافذ ہوتے ہی بریلی میں پہلا کیس درج

Mon, 30 Nov 2020 11:29:33    S.O. News Service

بریلی،30؍نومبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) سنیچر کو  یوپی میں ’لوجہاد ‘ کے  نام پر بنائے گئے تبدیلی ٔ مذہب مخالف قانون کے نافذ ہوتے ہی بریلی میں اس قانون  کے تحت پہلی شکایت  بھی درج کر لی گئی۔ 

 دیورنیا پولیس نے لڑکی کے اہل خانہ کی تحریر پر اویس  نامی نوجوان کے خلاف غیر قانونی تبدیلی  ٔمذہب آرڈیننس کے تحت مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی ہے ۔  پولیس  کے مطابق  اویس  کی تلاش کی جارہی ہے  جو فرار ہوگیا ہے۔متاثرہ لڑکی کے اہل خانہ کا الزام ہے کہ اویس لڑکی کو پسند کرتا تھا اور اس پر مذہب تبدیل کر نکاح کرنے کا دباؤ ڈال رہا تھا۔لڑکی جانب سے بھی دیئے گئے بیان میں کہاگیا ہے کہ شروعات میں تو وہ اسے ٹالتی رہی لیکن بعد میں مخالفت کی تومعاملہ بگڑ گیا۔ دوسری طرف  لڑکے  کے اہل خانہ کا  کہنا ہے کہ لڑکی کے اوپر کسی طرح کا کوئی دباؤ نہیں بنایا گیا بلکہ دونوں میں کافی دنوںسے معاشقہ چل رہا تھا۔ لڑکی اپنی مرضی سے ہی لڑکے سے  ملتی  تھی، لیکن جب اس  پروالدین کی جانب سے دباؤ ڈالا گیا تو اس نے  لڑکے کے خلاف مقدمہ درج کرایا  ہے۔

 سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس روہت سنگھ سجوان نے  بتایا کہ  انکت نے  اپنی تحریری شکایت میں کہا ہے کہ اویس احمد نے ٹیکا رام کی بیٹی کو بہلا پھسلا کر مذہب تبدیل کرنے کا دباؤ بنایا ہے۔لڑکی کی لڑکے  سےجان پہچان تھی اور دونوں نے انٹر تک کی پڑھائی ایک ہی کالج سے مکمل کی   ہے۔

 


Share: